کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط کی وجہ سے آئرن اینڈ سٹیل انڈسٹری کا کاروبار چالیس فیصد تک کم ہو گیا ہے جبکہ بہت سے یونٹ بند ہو گئے ہیں جس سے روزگار اور محاصل پر اثرات پڑ رہے ہیں۔چند دن قبل وزیر اعظم عمران خان نے کنونشن سینٹر میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے تاجروں کی طرح صنعتی شعبہ کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر صنعتکاروں نے سکھ کا سانس لیا مگر اس اعلان پر عمل درامد نہیں ہو رہا۔ کریم عزیز ملک جوایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدربھی ہیں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق نوٹیفیکیشن جاری کرنے میں تاخیر نہ کی جائے تاکہ کاروباری برادری سکھ کا سانس لے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک سو ساٹھ سے زیادہ سٹیل ری رولنگ ملزہیں جو لاکھوں افراد کو روزگار اور حکومت کو اربوں روپے محاصل کی مد میں ادا کر رہی ہیں ۔اس شعبہ کے مسائل حل کئے جائیں اور اسے مراعات دی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری حالات سازگار نہیں ہیں جبکہ اقتصادی سست روی اور میگا پراجیکٹس نہ ہونے کی وجہ سے طلب میں کمی آ چکی ہے ۔