پشاور ( سٹاف رپورٹر) شندور میں منعقد ہونے والا شندور پولو فیسٹیول چترال کی فتح کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوگیا، فائنل میچ میں چترا ل کی ٹیم نے گلگت بلتستان کو 5گول کے مقابلے میں 6گولز سے شکست دی، اختتامی تقریب کے مہما ن خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمودتھے ، ان کے ہمراہ وزیر سیاحت عاطف خان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ فرنٹیر کور اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے 7 جولائی سے چترال کے علاقے شندور میں شروع ہونے والا تاریخی شندور پولو فیسٹیول کا فائنل گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال اے کی ٹیموں نے حصہ لیا، چترال کی ٹیم نے گلگت کو 5گول کے مقابلے میں 6گول سے شکست دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر کھیل و سیاحت کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور صرف عید کے دنوں میں 20 لاکھ سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔، میچ سے قبل روایتی چترال اور گلگت بلتستان کا رقص ، کیلاشی ڈانس، پیراگلائیڈنگ اور پیراٹروپر فرفارمنس نے میلہ لوٹ لیا،اس سے قبل موسیقی محفل اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، یاد رہے کہ شندور پولو فیسٹیول 1936 سے باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے ۔