شیخوپورہ ،لاہور،ایمن آباد،پاکپتن(ڈسٹرکٹ رپورٹر،کرائم رپورٹر،نامہ نگار) کرنٹ لگنے کے واقعات میں دادی 3 پوتوں سمیت 7 افراد جان سے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ صلاح الدین روڈ کی آبادی میں کرنٹ لگنے سے دادی اور تین پوتے جاں بحق ہوگئے ، بتایا گیا ہے کہ اسد علی نامی شہری کے گھر میں اس کی والدہ55 سالہ اقبال بی بی اپنے تین پوتوں کے ساتھ موجود تھی کہ بچوں کے کھیلنے کے دوران پیڈسٹل فین دادی اقبال بی بی پر آگرا ، پنکھے کے گرنے سے گھر کے گیلے فرش میں بھی کرنٹ آگیا جس کی زد میں آکر اقبال بی بی سمیت 10سالہ عبدالرحمٰن، 7سالہ عبدالمنان اور 5سالہ مطیع الرحمٰن کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے ، دونوں میاں بیوی گھر پہنچے تو چارو ں کی نعشیں دیکھ کر انکے ہوش اڑ گئے محنت کش کے گھر میں قیامت صغریٰ برپا ہوگئی ہر آنکھ اشکبار تھی، لاہورفیکٹری ایریا کے علاقے میں 30 سالہ خواجہ سرا مایا سیون اپ پل گلبرگ سے گزر رہا تھا کہ اس دوران اس نے پھسلنے سے بچنے کے لیے کھمبے کا سہارا لیا جہاں سے اسے شدید کرنٹ لگا جس کے باعث وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ایمن آبادسادھوکی کا قدیر نواحی گاؤں بھروکی ورکاں میں مکان کی تعمیر کررہا تھا کہ اس دورا ن موٹر میں اچانک کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پاکپتن کی گنج شکر کالونی میں بجلی کی 11 ہزار وولٹ تاروں سے لگ کر نوجوان جاں بحق ہو گیا، رانا رزاق کی دو ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔