پشاور(خبر نگار،92نیوز، آن لائن ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شوکت یوسفزئی سے اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا، محمود خان نے اجمل وزیر کو مشیر اطلاعات مقرر کردیا ہے ،کابینہ میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنی کابینہ میں ردوبدل کردیا ہے جس کے تحت وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور اجمل وزیر کے محکمے اور وزارتیں تبدیل کردی گئی ہیں، شوکت یوسفزئی سے اطلاعات کا قلمدان واپس لے کر ان کی جگہ اجمل وزیر کو مشیر اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے جبکہ شوکت یوسفزئی کووزارت لیبر اور ثقافت کا قلمدان سونپ دیا ہے ۔ خیبر پی کے کابینہ میں مزیدرد و بدل کے امکانات ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ عاطف خان اور شہرام ترکئی کو دوبارہ شامل نہیں کیا جائے گا، محکمہ سیاحت و کھیل اور نوجوانان امور کا قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس ہی رہے گا جبکہ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے مشکور ہیں جنہوں نے وزارت تبدیلی کی میری استدعا قبول کی ۔