اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے اور ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ہیلی سکی مہم کا انعقاد کیا گیا، آئی ایس پی آر اور افینیٹی کے مشترکہ تعاون سے وادی شوگراں اور ناران میں 16 سے 22 فروری کے دوران ہیلی سکئی کا ایونٹ کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایونٹ کا مقصد ملکی سیاحت کا فروغ اور وطن کی خوبصورتی کا اجاگر کرنا تھا، مقابلوں میں دنیا بھر سے 60 سے زائد غیر ملکی سکیئرز نے حصہ لیا، غیرملکی مہمانوں کی بہت بڑی تعداد بھی سکیئنگ سے محظوظ ہونے کیلئے وادی پہنچی جن میں امریکہ، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، سپین، جرمنی، فرانس، آسٹریلیا اور اٹلی کے شائقین شامل تھے ، ان شرکاء میں سابق آسٹریلوی وزیر خارجہ جولی عزابیل بشپ،سپین کے سابق وزیراعظم جوز ماریہ الفریڈو،اٹلی کے سابق وزیراعظم میٹئو رنزی اور انگلش کرکٹر ڈیوڈ گاور نمایاں تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی سکیئنگ کیلئے آنے والے گروپ کی ملاقات ہوئی جبکہ شرکاء نے آئی ایس پی آرکے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے شرکاء کو پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے کامیاب آپریشنز کے بعد کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔