شکارپور، سیالکوٹ، بھکر، سادھوکے ، راہوالی (آن لائن، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نامہ نگاران) شکارپور کے قریب انڈس ہائی وئے پر مسافر کوچ اور ٹرک میں ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے ، مسافروں سے بھری کوچ انڈس ہائی وے پر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، 18 افراد زخمی ہو گئے اور 3 مسافر ریسکیو عملے کے پہنچنے سے قبل ہی چل بسے ، سیالکوٹ میں تیز رفتار کار نے پید ل چلتے ہوئے دو افراد کو کچل دیا، تھانہ پھلورہ کے علاقہ چونڈہ ظفروال روڈ پر کار نے جھاٹوکے کے رہائشی منور حسین اور غلام رسول کو کچل دیا، دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں دم توڑ گئے ۔ سادھوکے میں ٹرین کی زدمیں آکر 70 سالہ اصغر جاں بحق ہوگیا، راہوالی میں جی ٹی روڈ عبور کرتے ہوئے 60سالہ شخص موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا، محلہ چپ شاہ کا مشتاق احمد خاں پلی سٹاپ پر جی ٹی روڈ عبور کرنے لگا تو تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے ٹکر مارکر زخمی کردیا، زخمی کو لاہور کے ہسپتال لے جایاگیا مگر وہ دم توڑ گیا۔ بھکر میں پولیس وین کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے میاں بیوی بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، دریاخان سٹی پولیس کی موبائل وین کوٹلہ جام کے نزدیک موٹرسائیکل سے ٹکرائی،امتیاز، ارشاد بی بی، بیٹی مہناز نے ہسپتال میں دم توڑ دیا، وین ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا،ڈی پی او فیصل گلزار نے کہا ملزم کیخلاف میرٹ پر تفتیش کی جائے گی اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔