اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزانے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں اپنے فارم ہائوس پر قبضے اور سندھ حکومت کے رویے کیخلاف شکایت کر ڈالی ۔ ذرائع کے مطابق فہمیدہ مرزا نے گذشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات کرکے ان سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا تقریبا دو ہفتے قبل پیپلزپارٹی کی آشیر باد سے قبضہ گروپ کے افراد جن کی تعداد بہت زیادہ تھی نے ان کے فارم ہائوس پر دھاوا بول دیا اور ان کے گارڈز کو زدوکوب کر کے فارم ہائوس پر قبضہ کر لیا ۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے قابضین کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرنے اور انہیں تحفظ نہ دینے کے بارے میں آگاہ کیا ۔فہمیدہ مرزا نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پی ٹی آئی کا اتحادی ہونے پر انہیں سندھ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے ۔ذرائع نے بتایا وزیر اعظم نے فہمیدہ مرزا سے جی ڈی اے کے رویے کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا اتحادی ہونے کے ناطے جی ڈی اے کو ان سے بات کرنی چاہیے ، اس طرح کا رویہ مناسب نہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا وہ جلد کراچی کا دورہ کر کے جی ڈی اے کے شکوے شکایت دور کریں گے ۔