راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو سینے میں درد کی شکایت پر ہسپتال پہنچادیاگیا جہاں ڈاکٹرز نے انکی انجیوگرافی کی، آج ڈسچارج کردیاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر لال حویلی میں موجود تھے جہاں انہیں سینے میں درد محسوس ہوا ،موقع پر موجود افراد نے انہیں فوری طور پر ہولی فیملی ہسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹرز نے انکی ای سی جی کی، رپورٹ نارمل ہونے پر انہیں گھر جانے کے لئے ہسپتال سے روانہ کردیاگیا تاہم شیخ رشید واپس گھر جانے کی بجائے راولپنڈی انسٹی ٹیویٹ آف کارڈیالوجی روانہ ہوگئے جہاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل(ر)اظہر محمود کیانی کی سربراہی میں ٹیم نے انکا چیک اپ کیا ،وفاقی وزیر کے اصرار پر انکی انجیواگرافی کی گئی۔ ڈاکٹر کیانی کے مطابق انجیوگرافی نارمل ہے ، صرف ایک شریان میں کلاٹ ہے جو ادویات لینے سے کلیئر ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ شیخ رشید کی طبیعت نارمل ہے اور انہیں منگل کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیاجائے گا۔