شیخوپورہ،چونیاں ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ) شیخوپورہ میں 3 افراد کوموت کے گھاٹ اتاردیا گیا، گجر ٹائون میں پسند کی شادی پر سسرالیوں نے نوبیاہتا داماد کو ہاتھ پاؤں باندھ کر بدترین تشدد کے بعد ذبح کرکے قتل کردیا، مقتول شہزاد وارث نے رمضان کی بیٹی تہمینہ سے کچھ عرصہ قبل کورٹ میرج کی تھی ، ملزمان کو رنج تھا ، انہوں نے اپنی بیٹی کے ذریعے مقتول کوصلح کے بہانے گھر میں بلوایا، چارپائی سے باندھ کر خوفناک طریقے سے ابدی نیند سلا دیا، دریں اثنا تھانہ بھکھی کے علاقہ مکئی525میں بچوں کی معمولی لڑائی میں بڑئے کود پڑے ، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق ملزم خالد محمود نے بچوں کی لڑائی میں کود کر اندھا دھند فائرنگ کردی ، گولیاں لگنے سے 20سالہ علی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا، لاہور روڈ پر خانپور نہر کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے نامعلوم کار سوار کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، مقتول کی شناخت نہیں ہوئی۔ چھانگامانگا کے نواحی گائوں واں کھارا میں کوڑے کے ڈھیر سے ایک بچے کی باقیات ملی ہیں ، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کمسن کو گلا دبا کر قتل کیا گیا اور باقیات کوڑے کے ڈھیر پر پھینکی گئیں۔ علاقہ مکینوں نے لاش کی باقیات دیکھ کر چھانگا مانگا پولیس کو اطلاع دی ۔ اسے پوسٹ مارٹم کیلئے چونیاں ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش دو سے تین روز پرانی لگتی ہے جس کو جانوروں نے بھی نوچا ہے ، شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔