راولپنڈی/سکردو /بہاولنگر /پشاور /جمرود/بہاولنگر ( 92 نیوزرپورٹ،نمائندگان ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) افغان سرحد پار سے دہشتگردوں کے دو حملوں میں شہید ہونے والے 4 فوجی جوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ،شہید کاشف علی کی نماز جنازہ آبائی گاؤں نوشہرہ سپین کانے میں ، فرنٹیئر کور کے شہید جوان سید امین کی نماز جنازہ آبائی علاقہ اکا خیل ،شہید اخترحسین کی سکردو کے گاؤں روندو جبکہ شہید شعیب سواتی کی اوگی کے گاؤں گھنیاں میں میں ادا کی گئی۔ پاک فوج کے افسران،انتظامیہ اور اہل علاقہ کی کثیر تعدادنے شرکت کی ، نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی گئی۔قبروں پرصدر مملکت اور آرمی چیف کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں،جبکہ فضا پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پرشہیدسپاہی اخترحسین کے والد غازی فداحسین نے کہاکہ وطن کی مٹی پر4بیٹوں کو قربان کرنے کیلئے تیارہوں۔ شہیدشعیب سواتی کے والددوازیب خان نے کہاہے کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پرفخرہے ،شعیب سواتی نے ملک وقوم کیلئے اپنی جان کانذرانہ پیش کرکے میرانام شہیدکے والدکی فہرست میں لکھوادیاہے دیگربیٹے بھی ملک وقوم کیلئے قربان کرنے کوتیارہوں ۔علاوہ ازیں شہیدسپاہی غلام رسول کی نماز جنازہ آبائی علاقہ دربار باغبان بہاولنگرمیں ادا کرکے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ان کے والکا کہنا تھا دیگر دو بیٹے بھی ملک وقوم پر قربان کرنا چاہتا ہوں ۔