نئی دہلی(صباح نیوز) انتہا پسند ہندوں کی جماعت شیوسینا کی جانب سے ملنے والی دھمکی کے بعد بھارت کے محکمہ آثار قدیمہ نے ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ مدد مانگ لی ہے ۔ شیوسینا نے دھمکی دی ہے کہ تاریخی عمارت تاج محل چونکہ تیجو مہالیہ ہے جو ہندوں کے عقیدے کی علامت ہے اس لیے وہ موجودہ ساون (مون سون) کے چاروں سوموار (پیر) کو عمارت کے اندر جا کر آرتی اتاریں گے ۔شیو سینا کی جانب سے دھمکی اس کے صوبائی صدر وینو لوانیا نے دی ہے جس پر بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے افسران کے ہاتھ پاوں پھول گئے ہیں۔سپرنٹنڈنٹ آرکیالوجسٹ (ماہر آثار قدیمہ) بسنت سورنکار نے آگرہ کے ضلعی مجسٹریٹ این جی روی کمار کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ماضی میں بھی کبھی تاج محل میں کوئی پوجا، ارچنا یا مہا آرتی نہیں ہوئی ہے اس لیے نئی روایت کو قائم ہونے سے روکا جائے ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے پی سنگھ نے کہا ہے کہ شہر میں نظم و نسق کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اے ایس آئی(آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا)کی درخواست پر تاج محل میں معقول حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے ۔