ملتان(نیوز ایجنسیاں؍ نیٹ نیوز) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کرنے پر تیار نہیں۔ملتان میں یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کامیاب جلسے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے پولیس گردی کا نشانہ بنے ، ہماری نظریں اب لاہور کے جلسے پر ہوں گی، 8 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے ہوں گی، ہم اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں ،رکاوٹیں بھی آگے آرہی ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملتان کے عوام نے سلیکٹڈ کو مسترد کر دیا، ہم نے انھیں مات دے دی اور ان کے عزائم ناکام بنادیئے ، عوام کے معاملات سے حکومت لاتعلق ہوگئی، حکومتی رٹ ختم ہو چکی ، ملک میں تمام معاملات سے کوئی لاتعلق ہے تو وہ عمران خان ہے ،حکومت کو عوام نظر نہیں آتے تو جلسہ کیا نظر آئے گا، ہم حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کرنے پر تیار نہیں، مستقبل میں ضرورت پیش ہوئی تو پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر فیصلہ کیا جائے گا۔اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا جلسہ روکنے کے لئے پی ڈی ایم کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا گیا،ریلی نکالنے پر علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار کیا گیا، یہ سمجھتے ہیں کہ کورونا وائرس صرف پی ڈی ایم کے جلسوں میں ہے ۔انہوں نے کہا لاہور کے جلسے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے ۔