لاہور( سپورٹس رپورٹر)وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس کو فروغ ملے گا،ہر کھلاڑی کو اس کے گھر کی دہلیز پر سپورٹس کی سہولیات فراہم کریں گے ۔ سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ آن لائن اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈویڑنل سپورٹس افسران، پی ایم یو کے افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں ٹی ایس او شفقت رسول کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 155ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ان میں متعدد منصوبے 90فیصد سے زائد مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ہدائت کہ ایسے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق عوام کو سپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کررہے ہیں۔