لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔کورونا وبا کے باعث شعبہ صحت کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے ۔ تعلیم،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی او رسماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دیں گے ۔پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ میں عام آدمی کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور بجٹ میں اعدادوشمار کی جادوگری کی بجائے حقیقی صورتحال رکھی جائے ۔صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے منفرد انداز میں نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں ۔وزیراعلیٰ نے کورونا وبا کے باعث محکموں کو غیرضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس ہونا چاہیے ۔پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ منصوبوں کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے ۔سیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔علاوہ ازیں انہوں نے مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ ایس اوپیزپر عملدرآمد کی مؤثر مانیٹرنگ کی جائے ۔کورونا وباء کا پھیلاؤروکنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں۔سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا۔