اوکاڑہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) صو بائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام شاہ بخاری نے کہا ہے کہ علاقائی ترقی اور عوامی مسائل کا ترجیح بنیادوں پر حل اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے پاک نظام کے قیام کے لئے عوامی تائید سے جدو جہد جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوگیرہ میں چوہدری سرفراز احمد بھٹی اور ارسلان گلزار بھٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنمائوں رائے حماد اسلم کھرل ،ڈاکٹر اظہر محمود ،فیاض خاں لشاری ،پیر حسنین شاہ،طارق زمان بھٹی ،محمد انور پاشا ،بابر چوہدری سمیت عمائدین علاقہ اور نمایاں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر رائے حماد اسلم اور ارسلان گلزار بھٹی ایڈووکیٹ نے علاقائی مسائل سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی قریب میں اس علاقہ کو نظر انداز کیا گیا ہے جس سے لوگوں کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ صمصام بخاری نے کہا کہ گوگیرہ کے ہسپتال ،سکول ،کالج کی اپ گر یڈیشن کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔اہل گوگیرہ کا دیرینہ مطالبہ کہ گوگیرہ کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دلوایا جائے ،کے لئے بھی فوری طور پر کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایاکہ اب جبر اور ظلم کی سیاہ رات چھٹ چکی ہے اور اب لوگوں کے ساتھ تھانہ کچہری میں زیادتی نہیں ہو گی ۔