لاہور(کامرس رپورٹر)موجودہ حکومت میں پولیس اصلاحات کے نام پر زبانی جمع خرچ کی بجائے جوانوں کی خدمات کے اعتراف میں 12سال بعد پہلی بار اضافہ کیا گیا ہے ۔ کفایت شعاری کی روایت کو برقرار رکھنے کے لیے سرکاری محکموں میں غیر ضروری بھرتیوں پر کنٹرول، گاڑیوں، ائیرکنڈیشنز اور دیگر آسائشی سامان کی خریداری کے لیے عائد شرائط کا اطلاق رواں مالی سال پر بھی ہو گا۔سرکاری خرچہ پر بیرون ملک دوروں اور علاج معالجے کی اجازت بھی مخصوص شرائط کے تحت دی جائے گی۔ تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کو اپنے جاری اور آئندہ منصوبہ جات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گی۔ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بھرتیوں کا فیصلہ اتھارٹی کی کارکردگی اور منصوبہ جات کے جائزہ کے بعد ضرورت کے مطابق لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے ایوان وزیر اعلیٰ میں کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 38ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر میں توانائی کے اخراجات میں کمی کے لیے آرکیٹیکچر کے شعبہ کو فعال کیا جائے ۔