اسلام آباد(خصوسی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی تذلیل کررہی ہے ، بھارت کے اندر مسلمانوں اور اقلیتوں کے موقف کو لاٹھی، گولی کی سرکار بھی نہیں کچل سکی، وقت آگیا ہے کہ مظلوم کشمیری کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیانات، مذمت اور تحفظات کو باضابطہ طور پر عملی اقدامات میں بدلتا ہوا دیکھیں، اپوزیشن میں بیٹھے ہوئے سیاسی کھلاڑیوں سے اپیل ہے کہ پی ایس ایل سے سبق سیکھتے ہوئے سیاسی گرائونڈ میں سیاسی پنجہ آزمائی کے لئے سیاسی میچ کا انتظار کریں ۔ وہ منگل کو پی آئی ڈی میں چترال پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا صحافی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے ہر مشکل محاذ پر کھڑے ہوتے ہیں ،مرحوم صحافی کے اہلخانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ انھیں مکمل انصاف ملے گا اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ، وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ سے آئندہ 72گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی ہے ۔