لاہور(پ ر )وزیر قانون بشارت راجہ کی زیرصدارت صحافی کالونی اور لاہور پریس کلب کے معاملات کے سلسلے میں اجلاس ہوا،جس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ محمد جہانگیر کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ڈی آئی جی پولیس ،قائم مقام ڈپٹی کمشنر ، ڈی جی ایل ڈی اے ، ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ، واسا، پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایاگیا کہ ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کیلئے پی سی ون کی تیاری آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے وزیراعلیٰ آئندہ چند روز میں کریں گے جبکہ صحافی کالونی فیزIIکے قیام کیلئے ڈپٹی کمشنر فوری طور پر شہر کے اردگرد ایک ہزار کنال اراضی کی نشاندہی کریں گے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ لاہور پریس کلب کے ارکان کو ہیلتھ کارڈز کے اجراء کیلئے صوبائی سیکرٹری محکمہ صحت فوری طور پر سمری تیارکرکے وزیراعلیٰ کو بھیجیں گے ۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ کلب کی گرانٹ 50لاکھ سے بڑھاکر 2کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی جاچکی ہے پہلی قسط چند روز میں جاری کر دی جائے گی ۔