ملتان (سٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کی رہائی پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حنیف عباسی میری طرح سیاسی ورکر ہیں ۔گزشتہ روزملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ابھی مہنگائی کی کئی لہروں نے آنا ہے سیاسی حکومتوں کا اکھاڑ پچھاڑ نے پوری معیشت کو تباہ کردیا، آج فتوے دیئے جارہے ہیں کہ ایک روٹی کھاؤ، کل کہیں گے ایک بھی نہ کھاؤ۔ عقل کے اندھوں کو کیا معلوم پہلے بھی صدارتی نظام نافذ ہوچکا ہے ۔ بھٹو نے بھی صدارتی نظام چلایا پھر ہم نے کہا بھٹو صاحب آپ ایسا نہیں کر سکتے ۔ ملک میں 40 سال صدراتی نظام رہا ہے ۔ اگر یہ صدارتی نظام لائیں گے تو کیا گارنٹی ہے بلوچستان ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا ؟صدارتی نظام ملک کے لیے زہر ثابت ہوگا ۔ قائد اعظم نے بھی پارلیمانی نظام چلایا ،میں تو کہتا ہوں عمران خان کی حکومت ختم ہوچکی ہے ۔ شیخ رشید سیاست کا کوڈو ہے بھارت کی ممکنہ جارحیت پر وزیراعظم کو آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے ۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی آدمی نہیں۔