واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک12 اپریل کو منائے جانے والے ایسٹر کے تہوار تک کرونا وائرس کو شکست دے دے گا۔ برطانوی میڈیاکے مطابق امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 55 ہزار اور اموات 8 سو سے تجاوز کرچکی ہیں۔ امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہائوس میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ میں ایسٹر کے تہوار تک حالات معمول پر آجائیں گے اور گرجا گھر عبادت گزاروں سے بھرے ہوں گے ۔ ملک میں لاک ڈائون آئندہ ماہ تک ختم کر دیا جائے گا اور یہ سب کے لیے ایک خوبصورت وقت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ایسٹر کا تہوار بہت خاص دن ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک امریکہ کاروباری طور پر دوبارہ اپنے معمول پر نہیں آجاتا تب تک اسے کساد بازاری اور پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔بریفنگ کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اندھیرے کے بعد روشنی نظر آرہی ہے اگرچہ ہمارے فیصلے سخت حقائق اور عدادوشمار پر مبنی ہوں گے ۔