اشک آباد (92نیوز رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر اشک آباد، ترکمانستان پہنچ گئے ۔ترکمانستان کے ڈپٹی وزیر اعظم چیری امانوف نے صدر مملکت کا اشک آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا ۔آمد پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔صدر مملکت اپنے دو روزہ دورے میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 15 ویں سمٹ اجلاس میں شرکت کر ینگے ۔صدرمملکت دیگر ممالک کے سربراہان سے ملاقات بھی کریں گے ۔ صدر عارف علوی نے ترکمانستان کے صدر گرینگولی بردی محمدوف سے ملاقات کی ،صدر علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی ، اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔سیاحت اور عوامی رابطوں کے فروغ کیلئے سڑکوں ،ریل اور ہوائی رابطے ضروری ہیں۔صدر مملکت نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا افغانستان کو معاشی تباہی سے بچانے کیلئے فوری مالی امداد کی ضرورت ہے ۔افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔