اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی) صدر عارف علوی سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی اور حکومت کی پہلے سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ صدر نے رپورٹ شائع کرنے کے سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات کی کاوشوں کو سراہا۔ عارف علوی نے کہا رپورٹ سے عوام کو مختلف وزارتوں کے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بہتر آگہی حاصل ہو گی۔ دریں اثناء وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان دنیا بھر میں کشمیریوں کے سب سے بڑے وکیل اور حقیقی ترجمان بن کر ابھرے ، مولانا صاحب اپنی سیاسی محرومیوں کا بدلہ کشمیر کاز پر سیاست کرکے نہ لیں۔ انہوںنے ٹویٹکیا کہ کشمیر ہمارا مشترکہ کاز ہے ، پوری قوم اس پر متحد ہے ، فضل الرحمن اس قومی یکجہتی کو اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں، مودی نے مظلوم کشمیریوں پر جو کرفیو لگایا اس کا اثر آپ کی زبان پر کیوں ہے ، مودی کے خلاف بولنے کے بجائے آپ کی زبان پاکستان کے مفادات کے خلاف زہر کیوں اگل رہی ہے ؟۔فردوس نے ایک اور ٹویٹمیںکہا اپوزیشن کی آؤ آپس میں سیاست کریں کی نئی قسط میں پی پی پی اور ن لیگ نے ایک بار پھر مولانا کے ساتھ ہاتھ کردیا ، مولانا صاحب کھوٹے سکوںکو چھوڑکر مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں۔ اے پی پی کے مطابق معاون خصوصی نے سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو فلاحی مملکت بنانا وزیراعظم کی ترجیح ہے ،عمران خان کے وژن کے مطابق حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا ترتیب دیا گیا ، پائیدار ترقی کیلئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے ۔ انہوںنے کہا خطہ میں امن یقینی بنانے کیلئے افواج پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، فوج اور حکومت ایک صفحے پر ہیں، مشکل حالات میں قوموں کو قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔