صدر مملکت عارف علوی نے اپنے دورہ چین کے دوران چین کے صدر، وزیراعظم، چیئرمین نیشنل کانگرس اور دیگر رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔ دونوں اطراف سے پاک چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ صدر عارف علوی نے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کی انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور چین میں مقیم پاکستانی باشندوں اور طلبہ کی بہترین نگہداشت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ صدر مملکت نے کرونا وائرس سے پیداشدہ حالات میں چین کا دورہ کرکے نہ صرف انتہائی تدبر کا ثبوت دیا ہے بلکہ یہ ایک طرح سے چین کی تالیف قلب کا باعث بھی بنے گا۔ دونوں ملکوں کو صدر مملکت کے حالیہ دورہ سے ایسی سازگار فضا تیار کرنے کا موقع ملے گا جس سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو گی اور دونوں ملک مستقبل میں ترقی کی نئی راہوں اور آسمانی آفات پر قابو پانے کے سلسلہ میں ایک دوسرے کی معاونت کر سکیں گے۔ تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ چین نے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے انتھک محنت اور تکنیکی و طبی لحاظ سے جس مہارت کا ثبوت دیا ہے پاکستان اس کے تجربات سے فائدہ اٹھائے۔ پاکستان بھی اس وقت کرونا وائرس کی زد میں ہے لہٰذا اس صورتحال سے نکلنے کیلئے چین کے تعاون اور مہارت کو استعمال میں لایا جائے تاکہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات پر قابو پایا جا سکے اور پاکستان جلد از جلد چین کی طرح کرونا وائرس پرقابو پانے والے ممالک میں شامل ہو سکے۔