کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاور (سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر،خبر نگار خصوصی،نمائندہ خصوصی سے ،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں)صدر مملکت ممنون حسین نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ کراچی میں کہکشاں کے گرین وچ کالج میں ووٹ کاسٹ کیا ۔نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے آبائی علاقے گلکدہ سوات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 3 سوات ٹو اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 5 سوات فور میں ووٹ ڈالا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے آبائی علاقے نوکنڈی کے کلی محمد عمر گورنمنٹ سکول میں ووٹ کاسٹ کیا۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنا ووٹ این اے 129 کے گورنمنٹ شیخ سردارمحمد گرلز ہائی سکول،لاہور میں ڈالا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے حلقہ این اے 130 کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول برکت مارکیٹ لاہور کے پولنگ سٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے ایف جی قائداعظم سکول چکلالہ،راولپنڈی میں ووٹ ڈالا۔آرمی چیف نے پی پی 11 کے پولنگ سٹیشن نمبر 45 میں ووٹ کاسٹ کیا۔سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے آبائی علاقہ دیول کے گورنمنٹ بوائز سکول لسیاڑی میں ووٹ کاسٹ کیا۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی والد ہ شمیم اختر نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور میں ووٹ ڈالا،نوازشریف کی والدہ کو ضعیف ہونے کے باوجود گاڑی میں اندر جانے کی اجازت نہ ملی ۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف ،حمزہ شہبازاور سلمان شہباز نے اپناووٹ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 کے گورنمنٹ جونئیر ماڈل بوائز ہائی سکول ماڈل ٹاؤن میں کاسٹ کیا۔ شہباز شریف کی بہو اور سلمان شہباز کی اہلیہ زینب سلمان لسٹ میں نام نہ ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کرسکیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حلقہ این اے 53 کے علاقے بارہ کہو میں ووٹ کاسٹ کیا،اس موقع پرپولنگ سٹیشن اسلام ماڈل سکول فار بوائز ڈھوک جیلانی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے گورنمنٹ ضیاء العلوم ہائی سکول راجہ بازار راولپنڈی میں ووٹ ڈالا۔ این اے 125سے پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنا ووٹ حلقہ این اے 135میں امریکن لائسٹف سکول، این اے 130سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار خواجہ احمد حسان نے این اے 126 کے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ماڈل مڈل سکول پکی ٹھٹھی،سمن آباد،پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود نے این اے 131 کے ڈی ایچ اے جونئر کیمپس جبکہ عبد العلیم خان نے این اے 132 کے گورنمنٹ پرائمری سکول فار بوائز کینٹ میں کاسٹ کیا۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے حلقے این اے 200 میں واقع پولنگ سٹیشن شہید میجر مجاہد بوائز سکول میں ووٹ کاسٹ کیا۔بے نظیر بھٹو کی صاحبزادیوں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے حلقہ این اے 213، پی ایس 38نواب شاہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے حلقہ این اے 200 اور حلقہ پی ایس 10 نوڈیرو میں ووٹ کاسٹ کیا۔ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنا ووٹ حلقہ این اے 154 اور پی پی 212 کے پولنگ سٹیشن گورنمنٹ ہائی سکول حامد پور کنورہ،وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے این اے 157،پی پی 218 کے پولنگ سٹیشن گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول چک 3 جبکہ جاوید ہاشمی نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج مخدوم رشید کے پولنگ سٹیشن اور حلقہ این اے 158 ، صوبائی حلقہ 219 میں ووٹ ڈالا۔ بے نظیر بھٹو کی ہمشیرہ صنم بھٹو نے این اے 200 میں ووٹ کاسٹ کیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدراسفندیار ولی خان نے چارسدہ ،امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے ضلع دیر لوئر ،سابق وزیر اعلیٰ اکرم درانی نے بنوں،امیر حید خان ہوتی نے مردان ، پرویز خٹک نے نوشہرہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔