اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، سپیشل رپورٹر) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک چین تعلقات کو تمام شعبہ جات میں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورس کے کمانڈر جنرل ہان ویگیو کو نشان امتیاز( ملٹری) عطائکیا ہے ۔ اس سلسلے میں منگل کو ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ بعد ازاں جنرل ہان ویگیو نے صدرمملکت سے ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل ہان ویگیو کو مبارکباد دی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی میں پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین سدا بہار اور آزمودہ دوست ہیں اورپاکستان چین کوآ ئرن برادر تصور کرتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اقتصادی روابط خطے میں امن واستحکام کے قیام کے لئے ناگزیر ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے چینی کمانڈر جنرل ہان ویگیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین قریبی تعاون خطہ میں امن و استحکام کا کلیدی عنصر ہے ، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر پاکستان کے کردار کیلئے چین کی حمایت قابل تحسین ہے ۔ ملاقات کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے جنرل ہان ویگیو کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بنیادی مفاد کے متعلقہ امور پر ایک دوسرے کیلئے چین اور پاکستان کی باہمی حمایت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔