اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی) وزیراعظم عمران خان نے صدرمملکت عارف علوی کی جانب سے گفٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ اور صوابدیدی فنڈز پر عائد پابندی سے استثنیٰ کی سمری مسترد کردی ہے ۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی۔ ماضی میں گفٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ فنڈز کی وجہ سے قومی خزانے سے اربوں روپے کا ضیاع ہوا۔مالی مشکلات کے دوران قومی خزانہ اضافی اخراجات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ایوان صدر کے مطالبے پروزارت خزانہ کی ارسال کی گئی سمری گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی جس میں خصوصی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ 92 نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی کابینہ نے ستمبر2018ء میں کفایت شعاری مہم کے تحت وزارتوں کا گفٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی تھی۔ وزیر خارجہ، پی ایم آفس، وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن کو اس حوالے سے خصوصی رعایت دی جاچکی ہیں۔ وفاقی کابینہ نے 5ستمبر 2018کے اجلاس میں وزارتوں، ڈویژنز کے صوابدیدی فنڈزکے حوالے سے فیصلہ کیا کہ فنانس ڈویژن گفٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ کے حوالے سے مختص شدہ بجٹ کے خاتمے کیلئے کیس کا آغاز کرے جو کہ سال 2018-19کے دوران516ملین روپے بنتے ہیں۔ فنانس ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایوان صدر سمیت دیگر وزارتوں اور ڈویژنز کوانٹر ٹینمنٹ اینڈ گفٹس کے تحت ادائیگیاں روک دی ہیں۔