پشاور(ذیشان کاکاخیل ) قبائلی اضلاع کے نومنتخب آزاد ارکان میں سے بیشتر کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے امکانات مخدوش ہو گئے ہیں۔سوائے ایک آزاد امیدوار کے دیگر پی ٹی آئی میں شمولیت پر تذبذب کا شکار ہیں، گزشتہ روز ضلع خیبر سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی محمد شفیق نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خانسے ملاقات کی ،جن کو وزیر اعلیٰ نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اور انہوں نے حامی بھرلی،ذرائع کے مطابق شفیق کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی ہے وہ ٹکٹ نہ ملنے پرآزادامیدوارکے طورپر انتخابات میں حصہ لیا تھا۔خیبرسے منتخب دیگردو ارکان نے پی ٹی آئی میں شمولیت سے انکار کردیا ہے تاہم وہ کسی اور پارٹی کا بھی حصہ نہیں بنیں گے ۔اورکزئی سے کامیاب سید غزن جمال کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے امکانات بھی کم ہیں۔انہوں نے روزنامہ 92نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی آزاد حیثیت سے اسمبلی میں رہیں گے ۔ضلع مہمند میں سے کامیاب عباس الرحمان نے وہ بھی آزاد رکن کی حیثیت کو ترجیح دینگے ،شمالی وزیرستان سے نو منتخب رکن اسمبلی میر کلام نے 92نیوز کو بتایا کہ انکی توجہ سیاسی جماعتوں میں شمولیت پر نہیں بلکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر ہے ۔