بارسلونا( ویب ڈیسک) عمومی صحت سے متعلق ایک تازہ مطالعے میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر صرف دو ہفتے بھی آرام پسندی سے گزارے جائیں تو جسم پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوجاتے ہیں جن میں دل اور پھیپھڑوں کا متاثر ہونا، موٹاپے کا بڑھنا، جسم اور جگر میں چربی کا جمع ہونا اور انسولین کے خلاف مزاحمت میں اضافہ شامل ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو پورے ہفتے تقریباً 10 ہزار قدم پیدل چلتے ہیں، اگر وہ ہفتہ وار صرف 1500 قدم پر آجائیں تو محض دو ہفتے میں ان پر منفی اثرات نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ البتہ، اچھی خبر یہ ہے کہ صحت مندانہ طرزِ زندگی بحال کرتے ہی یہ اثرات زائل ہونے لگتے ہیں اور جلد ہی وہ معمول کی صحت پر واپس آجاتے ہیں۔ یہ مطالعہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیورپول کی کیلی باؤڈن ڈیویز کی نگرانی میں کیا گیا جس میں 28 صحت مند رضاکار بھرتی کیے گئے تھے ۔ اس مطالعے کے نتائج ’’یورپین ایسوسی ایشن فار دی اسٹڈی آف ڈائبٹیز‘‘ کے حالیہ اجلاس میں پیش کیے گئے جو بارسلونا، اسپین میں منعقد ہوا۔