کراچی (رپورٹ:ایس ایم امین) اپوزیشن سے ناراض مولانا فضل الرحمن کومنانے کیلئے آصف علی زرداری نے میاں شہباز شریف کو پیغام بھجوادیا،پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے معتمد خاص نے میاں شہبازشریف کو مولانا فضل الرحمان کی ناراضی دورکرنے سے متعلق آصف زرداری کا پیغام پہنچایا،مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کو فوری وطن آکرپارلیمان میں اپوزیشن کی قیادت کابھی مشورہ دیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے اپنے معتمد خاص کے ذریعے بھجوائے گئے پیغام میں شہبازشریف کو ہرقیمت پرمولانا فضل الرحمن منانے اوراپوزیشن اتحاد کوسرگرم کرنے کیلئے کردارادا کرنے کی تجویز پیش کی،پیپلزپارٹی کے معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدرنے میاں شہبازشریف کو فوری وطن واپسی کا بھی مشورہ دیا ہے اورکہا ہے کہ وہ وطن واپس آکرپارلیمان میں اپنا کردارادا کریں جبکہ جے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دورکرنے کیلئے دیگراپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے اقدامات بروئے کارلائیں،جے یوآئی کے قائد مولانا فضل الرحمنٰ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے پارلیمنٹ میں سروسزایکٹ ترمیمی بلوں کی یک طرفہ حمایت کرنے پرناراض ہیں اورانہوں نے اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کی میزبانی میں ہونے والی سرگرمیوں کا غیراعلانیہ بائیکاٹ کررکھا ہے ۔