اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) پمز ہسپتال میں سابق صدر آصف علی زر داری سے ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زر داری اوربہن رکن اسمبلی فریال تالپور نے ملاقات کی جس میں ان سے خیریت دریافت کی ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت سے اجازت ملنے کے بعد فریال تالپور کو آصف زرداری سے ملاقات کیلئے پمز ہسپتال پہنچا یاگیا ۔اس موقع پر آصفہ بھٹو زر داری بھی موجود تھی ۔ ملاقات کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ ہم آصف علی زرداری کی صحت یابی کے حوالہ سے فکرمند ہیں، سابق صد کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ، آج انہیں عدالت بھی نہیں لے جایا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی معالجین سے علاج کے بعد سابق صدر زرداری کی صحت کی صورتحال کا درست اندازہ ہو گا۔