لاہور،فیصل آباد(سپورٹس رپورٹر،وقائع نگار خصوصی) پاکستانی سنوکر کھلاڑی محمد آصف نے انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کی ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ترکی کے شہر انتالیہ میں ہونے والے عالمی سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی محمدآصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5 کے مقابلے میں 8 فریم سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔محمد آصف نے اپنی کامیابی پاکستان اور کشمیریوں کے نام کر دی ۔ کہتے ہیں بہت سخت مقابلے تھے تاہم ہمت نہیں ہاری اور پاکستانی قوم کی دعاؤں سے کامیابی حاصل کی ۔ تفصیلات کے مطابق محمد آصف نے سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کے کرتسانوت کو 0-7 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے کوارٹر فائنل میں بھی ایک تھائی کیوئسٹ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ پاکستان کے محمد آصف نے اپنے تمام گروپ میچز جیتے جس کے بعد انہوں نے راؤنڈ آف 64 اور راؤنڈ وآف 32 کے میچز میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے محمد آصف نے 2012 میں بھی عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے گیری ولسن کو 8 کے مقابلے میں 10 فریم سے شکست دی تھی۔یہ پاکستان کا مجموعی طور پرآئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں تیسرا ٹائٹل ہے ، پاکستان کو پہلا ٹائٹل کیوئسٹ محمد یوسف نے 1994 میں جتوایا تھا۔ اس کامیابی پر محمد آصف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی کامیابی ہے ۔ عالمی ٹائٹل پاکستانی قوم اور کشمیری بھائیوں کے نام کرتا ہوں۔ کامیابی پر اﷲ کا شکرگزار ہوں۔ اپنے پیغام میں محمد آصف نے کہا کہ مشکل ٹورنامنٹ تھا ، دوسری بار ورلڈ ٹائٹل جیتنے پر بہت خوش ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرہا ہوں امید ہے اچھا رسپانس ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت مشکل ٹورنامنٹ تھا لیکن کسی بھی لمحے ہمت نہیں ہاری ۔ یاد رہے کہ محمد آصف نے 2012 میں بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں پہلی مرتبہ عالمی ٹائٹل حاصل کیا تھا۔پاکستان بلیئرڈ ایہنڈ سنوکر فیڈریشن نے محمد آصف کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمد آصف اور پوری قوم کو مبارک باد دی ہے ۔