لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نمائندہ خصوصی سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانت منظور ہونے پر جیل سے رہا کردیا گیا۔ سیشن کورٹ نے لیگی رہنما کیپٹن(ر) صفدر کی ضمانت منظورکرتے ہوئے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ کیپٹن(ر) صفدر کو حکومت کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں تھانہ اسلام پورہ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کیپٹن(ر) صفدر جیل سے رہائی کے بعد سروسز ہسپتال میں اپنے سسر نواز شریف کی عیادت کیلئے پہنچ گئے ۔ کیپٹن(ر) صفدر نے اپنے صاحبزادے جنید صفدر اور دیگر کیساتھ داتا دربار پر حاضری بھی دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا (ن) لیگ کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شریک ہے ۔2018 کے انتخابات کو ہائی جیک کیا گیا ۔عوام نے نتائج کو تسلیم نہیں کیا ۔ مجھے اسلئے قید کیا گیا کہ لوگ آزادی مارچ میں شامل نہ ہوں لیکن لوگ پھر بھی نکلے ۔ آئی پنجاب نے مجھے گرفتار کرایا ،میری گرفتاری پر بھی انکوائری ہو گی۔نواز شریف کیساتھ بھی کچھ نہ کچھ ضرور ہوا ہے ،وقت آنے پر بتائیں گے ۔