لندن ،اسلام آبا د ( آن لائن ، خبر نگار خصوصی، نیٹ نیوز )مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے کراچی میں اپنے داماد کیپٹن صفدر کو مشکوک حالات میں گرفتار کیے جانے کے چند دن بعد عدلیہ سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کردی ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بہت کچھ ہو رہا ہے ،کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیے ، یہ اقدامات خالص غصے اور انتقام کا نتیجہ ہیں جبکہ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، سابق وزیراعظم نے اپنی صاحبزادی کو اپوزیشن سے رابطوں میں تیزی لانے ،حکومت پر مزید دبائو بڑھانے کی ہدایات جاری کیں جبکہ اپنے ٹویٹ میں نواز شریف نے کراچی واقعہ کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرنیکا مطالبہ کیا ۔مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک خاتون کے کمرے میں دروازہ توڑ کر زبردستی گھس آنا جب وہ سو رہی ہو، کیا انتقام کی آگ واقعی اتنا اندھا کردیتی ہے کہ انسان اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ؟، کون سی ریاست اپنی ہی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے ؟ مافیا کون ہے ؟ ،یہ حکومت جاتی نظر آ رہی ہے اور صفحہ پلٹ گیا ہے ۔اختلاف رائے پر کسی کو نانی نانی کہنے پر مریم نے کہا اسی سے اندازہ لگالیں کہ کتنا گھبرائے ہوئے ہیں یہ لوگ ۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئی جی سندھ مشتاق مہر کے گھر کا گھیراؤ کرنے والے دونوں ادارے وفاق کے ماتحت ہیں۔ احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ دونوں ادارے وزیر اعظم کو رپورٹ کرتے ہیں،وزیراعظم کو جواب دینا ہو گا کہ کیوں اداروں کو استعمال کیا؟ ، امید ہے عدالتیں معاملے پر از خود نوٹس لیں گی ، گورنر سندھ کی قربانی سے کام نہیں چلے گا، احسن قبال نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی لیکن عمران کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ن لیگ کے خلاف مقدمات بنانا ہے ۔ (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مریم کے کمرے پر دھاوے کی فوٹیج سامنے آنے پروزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ۔