فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) تھانہ بٹالہ کالونی پولیس نے دوہرے قتل کے ملزمان کو تگڑا پروٹوکول دینا شروع کر دیا۔حوالات میں بند کرنے کے بجائے تھانے کی چھت پر چارپائیاں بچھا دیں جہاں مبینہ طور پر دوستوں کے ساتھ ملاقاتیں کرائی گئیں جبکہ ساتھ ساتھ ویڈیوز بھی بنائی گئیں ، کچھ عرصہ قبل تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے میں لڑکا حامد اور لڑکی فوزیہ پسند کی شادی کرنے پر قتل ہو گئے تھے جس پر تھانہ بٹالہ کالونی میں 8 نامزد اور دو نامعلوم ملزمان پر مقدمہ درج ہوا تھا۔ پولیس نے نامزد ملزمان سمیع اللہ اور غازی کو حراست میں لیکر حوالات بند کرنے کے بجائے تھانے کی چھت پر ٹھہرائے رکھا جہاں دوستوں کیساتھ ملاقاتیں بھی کرائی گئیں جبکہ سوشل میڈیا کیلئے تیار کی گئی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے ،92نیوز کی جانب سے کھوج لگانے کے بعد ویڈیو بھی حاصل کر لی گئی۔ خطرناک ملزمان کو اس طرح تھانے کی چھت پر ٹھہرانے اور ویڈیو بنانے کے عمل سے تھانوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا بھی پول کھل گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزمان سے بھاری رشوت لیکر انہیں چھوٹ دے رکھی ہے اور مبینہ طور پر انہیں حوالات کے بجائے تھانے کی چھت پر سلایا جاتا ہے ، پولیس کی طرف سے دی جانے والی چھوٹ کے باعث خطرناک ملزمان فرار ہونے کا بھی امکان تھا، دوسری جانب مقدمے میں شامل دیگر ملزمان تا حال فرار ہیں۔ ڈی ایس پی تھانہ بٹالہ کالونی عبدالطیف کی جانب سے پہلے تو واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا جبکہ بعد میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ہو سکتا ہے ملزمان کو تفتیش کیلئے چھت پر لے جایا گیا اور ملزمان کے گرد موجود افراد ان کے دوست یا ان کی طرف سے آئے ہوئے گواہان ہو سکتے ہیں کیونکہ تفتیش کے دوران فریقین کی طرف سے لوگوں کو بلوایا جاتا ہے ، تاہم انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ اس غفلت میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔