اسلام آباد،لاہور (نیٹ نیوز،نامہ نگارخصوصی ) وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کرایا جس پر انہیں نااہل کیا جائے ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا صادق اور امین نہیں رہے ، انہیں آئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے ، فیصل واوڈا مسلسل جھوٹ، دباؤ اور دیگر ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جب کہ اعلیٰ عدلیہ اس سے قبل بھی دوہری شہریت رکھنے پر 2 سینٹرز کو نااہل کر چکی ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے درخواست کی سماعت بغیر کسی پیش رفت کے ملتوی کر دی اور درخواست گزار وکیل کو تیاری کیساتھ پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید نے امن ترقی پارٹی کے فائق شاہ کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل میاں آصف نے نشاندہی کی گئی کہ فیصل واوڈا نے ملکی اداروں پر سنگین سیاسی الزامات لگا کر اپنے حلف سے غداری کی،ٹاک شو میں ہونے والے واقعہ کی جوڈیشل کمیشن کرائی جائے ۔