صوابی،چیچہ وطنی،ساہیوال،گگومنڈی، سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان 92 نیوز)صوابی کے علاقے چھوٹالاہور میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے 8 افراد،دیگر واقعات میں بچی سمیت3افراد قتل جبکہ 2کو زخمی کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ صوابی کے علاقہ چھوٹا لاہور میں دو چچا زاد بھائیوں وقاص اور عبید ساکنان چھوٹا لاہور کے مابین جائیداد کا تنازع چلا آرہا تھا کہ گزشتہ شام سابق ایم پی اے سردار علی خان کے حجرے میں دونوں رشتہ دار فریق کے مابین جائیداد کے تنازع حل کرنے کے حوالے سے جر گہ ہو رہا تھا اس دوران زبانی تکرار پرفریقین نے طیش میں آکر ایک دوسرے پر فائرنگ شرو ع کر دی جس کے نتیجے میں دونوں فریق سے عبید ولد محمد علی ، وقاص ولد امیر زادہ ، اسرار ولد عبدالسلام ، اکمل ولد کماش ، سعید الرحمٰن ولد اعظم دین ساکن چھوٹا لاہور ، بابر ولد نہار، عبید ولد حضرت وہاب ، سکندر ولد شوکت علی ساکنان یار حسین جاں بحق ہو گئے ۔ایس ایچ او چھوٹا لاہور آئین خان نے میڈیا کو بتایا کہ تمام مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں۔ دونوں فریق کی جانب سے دعویداری نہ ہونے پر ایس ایچ او تھانہ چھوٹا لاہور آئین خان کی مدعیت میں پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے ۔چیچہ وطنی چک11سیون ایل کے رہائشی نوبہارکی 8 سالہ بیٹی رخسانہ کریانہ سٹور سے ٹوفیاں خریدنے گئی جسے مالا ولد اگرا، کاکو ولد متعل نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اغواء کر لیا اور قتل کرکے لاش بوری میں بند کر کے نوربہار کے گھر کے باہر پھینک گئے ۔ پولیس تھانہ ہڑپہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ گگومنڈی گاؤں245۔ای بی کارہائشی محنت کش رشیداحمد گھرمیں موجودتھاکہ رانا حمزہ اورراناظفرعلی نے ساتھیوں سمیت فائرنگ کرکے رشیدکوقتل جبکہ اس کی بھابھی صغریٰ بی بی اوربھتیجے نویدکوشدیدزخمی کردیاایس ایچ اوتھانہ گگومنڈی نے زخمیوں اورنعش کوہسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹرزنے نویداورصغریٰ بی بی کوتشویشناک حالت کے پیش نظرتحصیل ہیڈکواٹرہسپتال بوریوالاریفرکردیاہے ۔ سیالکوٹ کے علاقہ ملکھانوالہ پل سمبڑیال نہر سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی جس پر ریسکیو1122نے فوری کاروائی کرتے ہوئے نعش کو نہر سے نکال کر مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔