موغادیشو(نیٹ نیوز)صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشومیں خودکش دھماکے میں 8افراد ہلاک اور25سے زائد زخمی ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق موغادیشومیں خودکش بمبارنے بارودسے بھری گاڑی اقوام متحدہ کے سکیورٹی قافلے سے ٹکرادی ،قریب ہی واقع سکول کو شدید نقصان پہنچا۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر سکول طالب علم اور اساتذہ شامل ہیں، دہشت گرد تنظیم الشباب نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی۔دھماکے بعد سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے لیا۔ امدادی کارکنوں نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کوہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے ۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے میں اقوام متحدہ کے پیس مشن کے کانوائے کو نشانہ بنایا گیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ کے نتیجے میں قریب ہی واقع سکول کو شدید نقصان پہنچا، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بھی زیادہ تر سکول کے طالب علم اور اساتذہ شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے کسی اہلکار کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔