لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے 17ستمبر کو پیشنٹ سیفٹی ڈے منانے کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں پیشنٹ سیفٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر احسن الطاف اور ڈاکٹر حسین جعفری کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج معالجہ کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے محفوظ علاج معالجہ کو ہرصورت یقینی بنایاجائے ۔ سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات صاف ستھرا ماحول فراہم کرکے مریضوں کے بہترین علاج معالجہ کے مکمل ذمہ دار ہیں۔ 17ستمبر کو پیشنٹ سیفٹی ڈے کے موقع پر شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی سیمینار منعقد کیاجائے گا۔ سرکاری ہسپتال میں آنے والے ہرمریض کا محفوظ علاج معالجہ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔علاوہ ازیں کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام مرحوم پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعودکی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہوا ۔ جس میں وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وائس چانسلر کے ای ایم یو پروفیسر ڈاکٹر خالدمسعود مرحوم پروفیسرڈاکٹرفیصل مسعودکی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔ صوبائی وزیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرفیصل مسعودبے پناہ خصوصیات کے مالک تھے ۔