لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے دریائے ستلج پر واقع اٹاری کے مقام کا تفصیلی دورہ کیا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کشتی کا سفر کرکے تمام مقام کا تفصیلی معائنہ کیا اور حفاظتی انتظامات بارے ضلعی انتظامیہ سے بریفنگ بھی لی۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کسی بھی قسم کی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے صوبائی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جا چکے ہیں اور کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ریسکیو اداروں کے ساتھ پاک فوج کو بھی الرٹ جا ری کیا جا چکا ہے ۔صوبائی وزیر نے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے کئے جانیوالے اقدامات پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لئے امدادی کیمپس،خوراک اور ادویات وغیرہ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاہم سیلاب سے قبل نزدیکی آبادیوں کو خالی کرواکر ہی بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے کیونکہ بھارت کی جانب سے مسلسل آبی جارحیت جاری ہے مگر یہ امر قابل اطمینان ہے کہ ہمارے تمام متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں ۔