لاہور (اپنے خبر نگار سے ) صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) کو بطور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا چارج سبنھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی مثالی قیادت میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن پاکستان کی ایک بہترین جامعہ بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی بہتری کیلئے اس کے ایکٹ میں ضروری ترامیم کے حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے نظریے کے مطابق یونیورسٹی آف ایجوکیشن فروغ تعلیم، تحقیق اور پالیسی سازی کے حوالے سے گورننس کے اعلی اصولوں پر کاربند رہے گی۔