لاہور(نمائندہ خصوصی سے )وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت وزیر اعلی کے خصوصی مانیٹرنگ یونٹ کے تحت محکمہ لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی کا سہ ماہی اجلاس وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال ، مشیر وزیر اعلیٰ برائے مالیاتی و ترقیاتی امور ڈاکٹر سلمان شاہ ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت ، ایڈیشنل کمشنر مجتبیٰ پراچہ ہیڈ سپیشل مانیٹرنگ یونٹ فضیل آصف اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اجلاس کو محکمے کے اغراض و مقاصد ،اب تک کی کارکردگی اورنئے لوکل گورنمٹ ایکٹ کے مندرجات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں مئیر کو مرکزیت حاصل ہو گی۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ میں ضلعی سطح پر کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے ہیومن ریسورس میں بہتری لائی جائے ۔ رشوت اور سفارش پر بھرتیوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے ۔