اسلام آباد(لیڈی رپورٹر) قومی رابطہ کمیٹی میں تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کی جانب سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مروجہ پلان نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کو ارسال کئے جائیں تاکہ فیصلوں پر عملدرآمد کو موثر اور یقینی بنایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی او سی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔اسد عمر نے خبردار کیا کہ بازار،پبلک ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبے انتہائی خطرناک جگہیں ہیں جہاں پر کورونا کے پھیلائو کا خدشہ بہت زیادہ ہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے فورم کو آگاہ کیا کہ وزارتِ صحت نے طبی ماہرین کی کمیٹی اور صوبائی مشاورت کیساتھ تقریباً 26 ایس او پیز ترتیب دیئے ہیں۔انہوں نے کہا بزرگوں پر مشتمل آبادیوں کو بچانے کیلئے اور انتہائی کمزور لوگوں کو کورونا کے حملے سے محفوظ کرنے کیلئے نئی حفاظتی گائیڈ لائن ترتیب دی گئی ہیں جو آج جاری کر دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر واضح سزا تجویز کی جائے تاکہ حفاظتی تدابیر پر سخت عملدرآمد ہو سکے ۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شباہت علی شاہ نے فورم کو بتایا کہ بورڈ نے 6 بڑے شہروں کی آبادی کے تناسب کے لحاظ سے مشاہدہ مکمل کر لیا جس میں تمام صوبائی دارالحکومت شامل ہیں جس کی مدد سے کورونا مثبت مشتبہ مریضوں اور تندرست آبادی کو ڈیٹا میپ کے ذریعے دیکھا جا سکے گا۔