لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) وزیر اوقاف پنجاب پیر سیّد سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اﷲ علیہ اور اس خطے کے دیگر صوفیاء کی تعلیمات سے اکتساب فیض وقت کی اہم ضرورت ہے ،یہ صوفیاء امن کے علمبردار اور انسان دوستی کے امین تھے ۔ آج دنیامیں انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمہ اور روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے حضرت داتا گنج بخشؒ اور ان جیسے دیگر دیگر صوفیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا ۔گزشتہ روز جامع مسجد داتا دربار میں 976ویں سالانہ عرس کے سلسلہ میں جاری استقبالیہ تقریبات کے دوسرے روز ’’برصغیر میں اسلامی تہذیب کی تشکیل میں شیخ علی ہجویری ؒ کا کردار‘‘کے عنوان سے عالمی کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ حضرت داتا گنج بخشؒ اس عظیم قافلہ علم وحکمت اور شریعت وطریقت کے سرخیل تھے ، جن کے دم قدم سے یہ برصغیر اسلام کے نور سے منوّر ہوا۔ صوبائی وزیر اوقاف نے خطاب کے آخر میں دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ ہمیں حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اﷲ علیہ جیسی عظیم المرتبت اور برگزیدہ ہستی کے علمی وروحانی فیض سے مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایگزیکٹوآفیسر بابر سلطان گوندل ،منیجرز شیخ جمیل، طاہر مقصود، نعمان سیفی ، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی ،عارف سیالوی، علامہ بدر الزمان قادری ، محمد فیصل عباس جماعتی و دیگر بھی موجود تھے ۔محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر انتظام’’برصغیر میں اسلامی تہذیب کی تشکیل میں شیخ علی ہجویری ؒ کا کردار‘‘کے عنوان سے عالمی کانفرنس کے دوسرے روزبھی نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک سے بھی جید شخصیات کانفرنس میں شریک ہوئیں،دونوں سیشنز میں مجموعی طور پر19 مقررین نے خطاب کیا۔عالمی کانفرنس میں نقیب محفل کے فرائض خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے ادا کئے ۔کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری بھی شریک ہوئے ۔ جمعرات کی صبح پہلے سیشن کی صدارت صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کی جبکہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر منہاج القرآن بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے ۔تقریب سے ڈاکٹر ظہور احمد اظہر، ڈاکٹر خالق داد ملک،ڈاکٹر محمدسلطان شاہ نے مہمان اعزاز کے طور پر خطاب کیا۔ تو ڈاکٹر غلام معین الدین نظامی ، ڈاکٹر عصمت اﷲ زاہد، مفتی محمد رمضان سیالوی ،ڈاکٹر طاہر حمید تنولی ،ڈاکٹر نعیم انور، ڈاکٹر ثناء اﷲ الازہری، ڈاکٹر سعید احمد سعیدی ،ڈاکٹر علی اکبر الازہری، ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس نے بھی خطاب کیا۔عالمی کانفرنس میں معروف مذہبی سکالر پروفیسر رفیق احمد اختر نے کلیدی مقالہ پیش کرتے ہوئے قرار دیا کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ نے ہندوستان میں جہالت پر مبنی سوچ کو ختم کرکے لوگو ں کو اپنے رب پر یقین کامل کا درس دیا اور وہی لوگ جوخودراہِ راست پر نہ تھے ، دوسرے کے ہادی بن گئے ، جس کی واضح مثال حضرت شیخ ہندیؒ اورانکی اولاد ہے ۔ حضرت داتا گنج بخش ؒ نے دلوں کی دنیا کو فتح کیا ۔قلبی دنیا میں انقلاب پیدا کیا اورآج جب برصغیر میں توحید کا غلبہ ہے ۔