لاہور(قاضی ندیم اقبال)پڑھے لکھے جوانوں کو روزگار کی فراہمی کا عزم۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر قواعد وضوابط مکمل کرنے کے بعد 9 ارب50کروڑ روپے لاگتکے حامل’’سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز‘‘/(SME) منصوبہ کی منظوری دے دی گئی ۔ذرائع کے مطابق یہ منظوری جمعرات کی دوپہر صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (PDWP) کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی ۔ جبکہ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ، اور ممبران پی اینڈ ڈی شریک ہوئے ۔ جبکہ سیکرٹری انڈسٹریز و دیگر ویڈیو لنک کی وساطت سے اجلاس کا حصہ بنے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے مختلف حوالوں سے معاملات کو زیر بحث لانے کے بعد حکومت پنجاب کے ’’ای روزگار منصوبہ ‘‘سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی منظوری دے دی ۔ منصوبہ صوبائی محکمہ انڈسٹریز کی نگرانی میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا ، ای روزگار سکیم کے تحت پڑھے لکھے بے روزگار نوجوان آسان شرائط پرقرضے حاصل کر کے اپنا ذاتی کاروبار شروع کر سکیں گے ۔