لاہور، فیصل آباد (کلچرل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی) موسیقی کی دنیا میں اپنی آواز کے بل پر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکار اعجاز قیصر انتقال کرگئے ۔ 68 سالہ اعجاز قیصر، دل ،گردوں اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا تھے ، انہوں نے اپنی مدھر آواز سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں موسیقی کے ساتھ محبت رکھنے والوں کے درمیان اپنی منفرد شناخت بنائی۔اعجاز قیصر نے ریڈیو اور ٹی وی کے لئے بے شمار مقبول گیت اور غزلیں گائیں۔ اعجاز قیصر بیماری کے باعث ایک عرصے سے گمنامی اختیار کر چکے تھے ، ان کے دل کی شریانیں بند اور گردوں کی بیماری کے باعث وہ بہت کمزور بھی ہو چکے تھے ۔گزشتہ رات انہیں طبیعت ناساز ہونے پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ صدراتی ایوارڈ یافتہ گلوکار اعجاز قیصر کو فیصل آباد میں سپرد خاک کر دیا گیا جن کی نماز جنازہ میں مقامی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی، ان کے بچھڑنے پر ہر آنکھ اشک بار نظر آئی۔ ایصال ثواب کے لئے رسم قل خوانی بھی گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ راجہ چوک پیپلزکالونی میں ادا کی گئی۔