اسلام آباد،لاہور، راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، نیٹ نیوز، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کا دورہ کیا اور کور ہیڈ کوارٹرز لاہور میں سینئر حاضر سروس اورریٹائرڈ فوجی افسروں سے ملاقات کی جس میں خطہ کی سکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجزپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز ہونیوالی اس ملاقات کے دوران فوج کے پیشہ ورانہ امور، خطہ و ملک میں امن و استحکام کی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات اورمواقع سے متعلق بھی بات چیت کی گئی جبکہ مختلف معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔شرکانے سربراہ پاک فوج کو مختلف پہلووں پر اپنی تجاویز اور آرا سے آگاہ کیا اورمشاورت پرانکا شکریہ بھی ادا کیا۔ملاقات میں جنرل (ر) جہانگیرکرامت، جنرل (ر) راحیل شریف، جنرل (ر) احسن سلیم حیات، جنرل (ر) طارق مجید اور جنرل (ر) راشد محمود بھی شریک تھے ۔ قبل ازیں کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی لاہور کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر انکا استقبال کیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف سے مصر کے سفیر نے ملاقات کی جس میں مختلف شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرگفتگوکی گئی جبکہ پاک مصرباہمی تعلقات پراظہاراطمینان کیاگیا۔مصری سفیرنے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔