لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران نے سبزی منڈیوں کے دورے کیے ۔ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اﷲ رانجھا نے کاچھا فروٹ و سبزی منڈی اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے رائیونڈ فروٹ و سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ افسران نے منڈیوں میں نیلامی، سٹاک، شکایات رجسٹر، پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی اور معیار کو چیک کیا اور رائیونڈ سبزی منڈی میں آلو کی قیمت 30 روپے جبکہ ٹماٹر کی قیمت 50 روپے ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور سبزی منڈیوں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈیوں میں گراں فروشی پر بھی زبردست کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ نیلامی کے عمل میں ہیرا پھیری اور گراں فروشی کی ہرگز اجازت نہ ہے ۔ علاوہ ازیں ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ 302 مقامات کو چیک کیا گیااور41 خلاف ورزیاں پائی گئیں اور36 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ڈی سی لاہورنے کہا کہ 14 ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا ہے اور14 افراد کو حراست میں لے لیا گیاجبکہ02 افراد کو سیدھا جیل بھیج دیا گیاہیں۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے گراں فروشی پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کر رکھی ہے ۔