لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آئندہ ماہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ،ملک اور آنے والی نسلوں کی بقاء ڈیمز کی تعمیر سے جڑی ہوئی ہے اور اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے بد خواہو ں کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور حکومت میں ترقی کے بوگس اعدادوشمار پیش کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی ۔ سابقہ ’’ تجربہ کار ‘‘ حکمرانوں نے ملک کو ٹریک پر نہیں ڈالا بلکہ ڈی ٹریک کیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کی سمت کا تعین کر رہی ہے اور ہم حقیقی معنوں میں ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر نہ کرنا مجرمانہ غفلت ہے ۔ اگر (ن) لیگ ملک کی خیر خواہی میں کوئی بیان نہیں دے سکتی تو کم از کم عوام کو گمراہ نہ کرے ۔ ڈیمز کی تعمیر ایک تحریک بن چکی ہے اور اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے بد خواہوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔