اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پیغام کے باوجود بھارتی الیکشن سے پہلے کوئی چال چلی جاسکتی ہے ،ہمیں محتاط رہنا چاہیے ، کالعدم تنظیموں کے حوالے سے ہم سخت اقدامات کررہے ہیں لیکن اگر اس سے پہلے والی حکومتوں نے کالعدم تنظیموں کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے ہوتے تو آج پاکستان یہاں نہ کھڑا ہوتا۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کالعدم تنظیموں کے خلاف کیسی کارروائی چاہتے ہیں؟بلاول خود حکومت میں ہوتے تو کیسی کارروائی کرتے ؟بلاول ہمیں لکھ کر بتا دیں، ان سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ اب جو ہوگیا سو ہوگیا ، ماضی کوچھوڑئیے اور پاکستان کیلئے قدم اٹھایئے کیونکہ پاکستان سب سے اہم ہے ، پاکستان ہے تو حکومتیں ہیں، کرسیاں اور ہم ہیں۔ ہم اب بھی ان کودعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور اس حوالے سے مل بیٹھ کر بات کریں۔