لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا اعلان کر تے ہوئے ذمہ داری پارٹی کی سپریم کونسل کے سپرد کردی اور پارٹی چیئرمین شپ بھی چھوڑ دی ۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے کرپشن کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا،نئے لوگوں کا امتحان ہے کہ جس تبدیلی کی بات وہ کرتے تھے وہ کہاں ہے ، پارلیمنٹ کا حصہ بن کر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا، پارلیمنٹ میں سب کچھ ہوتا ہے لیکن عوامی فلاح ، بہبود کے لیے کچھ نہیں ہوتا، بدقسمتی سے ہماری سیاست میں غریب ، متوسط طبقے کی کوئی گنجائش نہیں ، زیادہ تر ارکان پارلیمنٹ صرف اقتدار کیلئے زندہ رہتے ہیں،سانحہ ماڈل ٹائون کی شہادتیں تحریک کی جاری جدوجہد کا نتیجہ تھیں، ہماری تحریک کے نتیجے میں وہ لوگ جن پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا تھا انہیں پکڑا گیا، حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ شہدائے ماڈل ٹان کے ورثا کو انصاف دیا جائے ، انہیں انصاف دلانے کیلئے ہماری جنگ آخر دم تک جاری رہے گی۔طاہر القادری نے کہا کہ مجھے تصنیف وتالیف کے بے پناہ کام ،صحت کے مسائل ہیں اس لیے سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں، اس کے لیے پارٹی کی چیئرمین شپ بھی چھوڑ دی میں اپنے بیٹوں کو اپنی جگہ نہیں بٹھا رہا ۔